اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری خطرناک کھیل ہوگا اور اگر ایسا کیا گیا تو اس سے ملک افراتفری کا شکار ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیاسے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں ان سےوعدوں کےبارے میں کوئی سوال نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عوامی مینڈیٹ سےاقتدار میں نہیں آئے، انہیں جیسے لایا گیا وہ سب جانتے ہیں اور اب ان سے وہ کام کرائے جا رہے ہیں جو کوئی سیاستدان نہ کرتا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نےسیاستدانوں کی گرفتاری کےعلاوہ کچھ نہیں کیا، اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا حکومت بلاول بھٹو زرداری کو گرفتار کرسکتی ہے؟
اس کے جواب میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول کو گرفتار کرنا ممکن نہیں لیکن ان سے کچھ بعید بھی نہیں ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول کی گرفتاری سے ملک افراتفری کا شکار ہوگا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان ملک میں بحران اور غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہے ہیں،وہ اپنی ناکامی چھپانےکے لیے اوچھے ہتھکنڈوں سےاسے بیلنس کر رہے ہیں ۔
پی پی رہنما نے بتایا کہ ملک میں ون پارٹی سسٹم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ سویلین مارشل لا لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے غیرقانونی اقدام سےیہ آئین اور قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔
خورشید شاہ نے کہاکہ آئین وفاق کی مضبوطی کی ضمانت ہے، آئین کو چھیڑا گیا تو پاکستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگا اور اس کھیل کےاثرات کےذمے داریہ لوگ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی جماعتوں کو ایسے ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے،اس طریقہ سیاست سے ایک پارٹی کومضبوط اور دیگر کو کمزور کیا جا رہا ہے، گورنرراج کانفاذ ملک کے لیے بہتر نہیں ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ان ہاؤس تبدیلی کی ضرورت نہیں، مفروضوں پر کیسز بنائے گئے، انہوں نے انکشاف کیا کہ مارشل لاء کے ذریعے آئین ختم کرکے گورنر راج لگایا جاسکتا ہے۔