حسین حقانی کیخلاف میمو گیٹ کیس ان کیمرہ مقرر کرنے کا حکم

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے میمو گیٹ کیس میں حسین حقانی کی وطن واپسی سے متعلق ان کیمرہ بریفنگ کی استدعا منظور کر لی اور سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے میمو گیٹ کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ حسین حقانی کی واپسی کے حوالے سے کوئی پیش رفت ہوئی؟۔
عدالتی معاون احمد بلال صوفی نے بتایا کہ پیش رفت ہوئی ہے لیکن ملکی مفاد کا معاملہ ہے اس لیے عدالت کو پیش رفت سے بند کمرے میں آگاہ کریں گے۔
عدالت نے عدالتی معاون کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس ان کیمرہ مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔