کراچی ،نیو ائیر نائٹ :رینجرز اور پولیس کے سیکیورٹی کے سخت انتظامات

ہر سال نیو ائیر کے موقع پر کی جانے والی ہوائی فائرنگ کئی قیمتی جانوں کے نقصان کا باعث بنتی ہے،اس سال عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر پولیس اور رینجرز نے نیو ائیر کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیےہیں۔
ترجمان رینجرزسندھ  کے مطابق کراچی اور اندرونِ سندھ میں اسنیپ چیکنگ، موبائل پٹرولنگ اور موٹر سائیکل گشت کو مزید بڑھا دیاگیا ہے۔اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ اور کسی بھی قسم کے اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔نیو ائیر کے موقع پر رینجرز کے افسران اور جوانوں کی بھاری نفری کراچی اور اندرون سندھ میں گشت پر موجود رہے گی۔
ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش سے گریز کریں بصورت دیگر ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی
ترجمان رینجرزکے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے یامشکوک چیز یا فرد کی اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ یا رینجرز مددگار Whatsappنمبر 0316-2369996 یا رینجرز ہیلپ لا ئن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔
دوسر جانب ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کے مطابق ساؤتھ زون اور ساحلی مقامات پر تین ہزار دو سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ اسلحہ لے کر چلنے اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کراچی میں نیو ایئر نائٹ پہ سمندر میں نہانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ ون ویلنگ اور بغیر سائلنسر کی موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی پولیس کارروائی کرے گی۔