سندھ رینجرز نے سال 2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

کراچی: سندھ رینجرز نے سال 2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق 4 ہزار 258 آپریشنز میں 2 ہزار 245 دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو پولیس کو حوالے کیا گیا جبکہ رینجرز کے 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
تفصیلات کے مطابق قیام امن کے لیے سندھ میں رینجرز کی سال 2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔ رینجرز نے سال 2018 میں 4 ہزار 258 آپریشن کیے۔ 2 ہزار 245 دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو پولیس کو حوالے کیا گیا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران 960 مختلف قسم کے ہتھیار برآمد کیے گئے، 10 لاکھ 4 ہزار 963 مختلف اقسام کے ہتھیاروں کی گولیاں برآمد ہوئیں۔
مختلف آپریشن کے دوران 53 آر پی جی سیون راکٹ لانچر، 139 ہیوی اور لائٹ مشین گنز، 1431 کلاشنکوف اور سب مشین گن، 62 شاٹ گن، 977 ریپیٹر، 1584 رائفل اور 8371 پستول برآمد ہوئے۔
ترجمان کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 2107 کریکر اور دستی بم، 58 دھماکہ خیز ڈیوائسز، 918 کلو بارودی مواد، دھماکوں میں استعمال ہونے والے 501 آلات، 16 خودکش جیکٹ، 114 آوان بم، 46 آر پی جی سیون راکٹس اور 10 ٹرپ فلیئرز برآمد کیے گئے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق مختلف آپریشنز میں 209 دہشت گردوں اور 240 ٹارگٹ کلرز، 228 بھتہ خوروں اور اغوا کے 61 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ رینجرز کی خصوصی ٹیموں نے 12 مغویوں کو بازیاب کروایا۔
ترجمان کے مطابق 2018 میں رینجرز کے 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، دہشت گردوں سے مقابلوں میں رینجرز کے 9 جوان زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 5 سال کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی، 2018 میں دہشت گردی کے 2 واقعات رونما ہوئے۔ ٹارگٹ کلنگ کے 9، بھتہ خوری کے 51 اور اغوا کے 13 واقعات ہوئے۔