کراچی میں اس مرتبہ سال نو کے آغاز کے موقع پر سی ویو کا ساحل کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کے علاوہ رینجرز نے بھی شہر بھر میں خصوصی گشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کو وزیراعلیٰ ہائوس میں نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا تھا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سی ویو جانے والی تمام سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کی جا رہی ہیں اور تمام سڑکوں اور گلیوں میں سخت چیکنگ کی جائے گی۔
تاہم وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر کے لوگوں کو نیو ایئر نائٹ پر مہذب اور اچھےطریقے سےتفریح کرنے کا کرنے کا پوراحق حاصل ہے۔ انہوں نے کمشنر کراچی اور پولیس سے کہا کہ وہ سی ویو کی جانب متبادل روٹس اسطرح سے بنائیں کہ کلفٹن اور سی ویو کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف یا پریشانی نہ ہو انکی سہولت کو بھی مد نظر رکھا جائے۔
پولیس نے نیوایئر پر سیکورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کر لیے ہیں۔ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کیلئے حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی۔
ادھر پاکستان رینجرز سندھ نے اعلان کیا ہے کہ نیو ائیر کے موقع پر رینجرز کے افسران اور جوانوں کی بھاری نفری کراچی اور اندرون سندھ میں گشت پر موجود رہے گی۔
رینجرز کے بیان میں کہا گیا کہ کراچی اور اندرونِ سندھ میں اسنیپ چیکنگ، موبائل پٹرولنگ اور موٹر سائیکل گشت کو مزید بڑھا دیاگیا ہے۔اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ اور کسی بھی قسم کے اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔
عوام سے اپیل ہے کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش سے گریز کریں۔