بلاول بھٹو زرداری(فائل فوٹو)
بلاول بھٹو زرداری(فائل فوٹو)

آصف زرداری اجازت دیں تو ہم ایک ہفتے میں حکومت گرا سکتے ہیں، بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زداری نے کہا ہے کہ اگر آصف علی زرداری اجازت دیں تو ہم ایک ہفتے میں تحریک انصاف کی حکومت گر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری متحدہ قومی موومنٹ کے مقتول رہنما علی رضا عابدی کے گھر پہنچے۔ بلاول بھٹو نے علی رضا عابدی کے گھر والوں سے تعزیت کی اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہید کے قتل سے متعلق ان کے والد سے تفصیلات بھی معلوم کیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کا قتل قابل مذمت ہے۔ وہ نوجوان سیاستدان تھے، ان کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کا قتل کراچی کے لیے بہت بڑا نقصان ہے، کراچی کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ امن و امان کی صورتحال سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کروں گا۔
بلاول نے کہا کہ ہماری توجہ دہشت گردی جیسے سنجیدہ مسائل پر ہونی چاہیئے، ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ ماضی میں بھی ایسے مراحل سے گزر چکے ہیں۔ آصف زرداری 11 سال جیل میں رہے اور پھر باعزت بری ہوئے۔
جعلی اکاؤنٹس کے حوالے سے حالیہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بارے میں پوچھے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور جے آئی ٹی کا گٹھ جوڑ بےنقاب ہوگیا، یہ جعلی اور جھوٹی جے آئی ٹی رپورٹ ہے، ہم ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
سندھ میں گورنر راج لگنے سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر آصف علی زرداری اجازت دیں اور صرف ایک اشارہ کردیں تو ہم ایک ہفتے کے اندر وفاقی حکومت گرا کر دکھا سکتے ہیں بلکہ ان حکمرانوں کو جیل بھی بھیج سکتے ہیں، وفاق میں ان کی صرف 6 نشستوں کی برتری ہے اور پنجاب میں اس سے بھی کم اکثریت ہے، ہم پنجاب حکومت گرانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، پی پی پی کی سندھ اسمبلی میں 99 نشستیں ہیں اور پی ٹی آئی کو صوبائی حکومت گرانے کے لیے 45 ارکان کو توڑنا ہوگا، جب کہ اہم قانون سازی کے لیے 50 فیصد سے زیادہ ووٹ درکار ہوتے ہیں، اس لیے پی ٹی آئی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔