وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کےعلاقے آئی ایٹ میں پولیس اہلکاروں پر اندھا دھندفائرنگ سےایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سنگم مارکیٹ کے قریب پیش آیا۔
جاں بحق پولیس اہلکار کی شناخت وسیم کے نام سے ہوئی جبکہ عارف نامی پولیس اہلکار پائوں پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو 15پر کال موصول ہوئی کہ آئی ایٹ تھری میں ڈکیتی کی واردات ہورہی ہے جس پر فالکن ریسکیو ون نے فوری ریسپانڈ کیا اندر سے ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے کانسٹیبل وسیم 1075 شہید ہوگئے جب کہ کانسٹیبل عارف زخمی ہوئے.
ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈاکوئوں کی تعداد 4 تھی جو فائرنگ کرتےہوئے فرار ہوئے۔
نماز جنازہ میں اہم شخصیات کی شرکت
شہید کانسٹیبل وسیم کی نماز جنازہ بعد ازاں پولیس لائن ہیڈکوارٹرز میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیر مملکت برائے امور داخلہ شہریار آفریدی بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ آئی جی اسلام آباد اور دیگر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔