اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین شہبازشریف نے مختلف مقدمات پر فی الحال نیب سے بریفنگ نہ لینے کا فیصلہ کیاہے۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی شہباز شریف کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آڈیٹر جنرل پاکستان کے نمائندے نے مختلف معاملات پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔
کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ کمیٹی ایف آئی اے یا نیب کو پہلے اجلاس میں دباؤ میں نہیں لائی، اراکین کمیٹی کے ذہن میں کچھ سوالات تھے جو پوچھے گئے لہٰذا یہ تاثر درست نہیں کہ ہم نے کسی کو بےجا دبایا۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ کمیٹی ارکان اداروں کی پچھلے ادوار سے متعلق کارکردگی کاجائزہ لے رہے ہیں۔چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بتایا کہ 6 ذیلی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، ایک ذیلی کمیٹی مانیٹرنگ اور عملدرآمد کے لیے ہوگی۔
چیئرمین پی اے سی نے مختلف مقدمات پر قومی احتساب بیورو (نیب) سے فی الحال بریفنگ نہ لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔سیکریٹری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی افتخار رحیم خان نے کہا کہ بریفنگ ملتوی کرنا شہبازشریف کا فیصلہ ہے۔
واضح رہےکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے پہلے اجلاس میں شہبازشریف نے گالف کلب سمیت دیگر مقدمات پر نیب کو منگل کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی تھی۔