ماسکو میں امریکی شہری جاسوسی کے الزام میں گرفتار

ماسکو:روس کے سکیورٹی کے ادارے ایف ایس بی نے ایک امریکی شہری کو ماسکو میں جاسوسی کے الزامات میں گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار شدہ امریکی شہری کی شناخت پال ویہلن کے نام سے کی گئی ہے اور اسے دسمبر کی اٹھائیس تاریخ کو جاسوس کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔
روس میں ایف ایس بی جو ملک کے خلاف جاسوسی کو روکنے کا مجاز ادارہ ہے اس نے پال ویہلن کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔
روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق اگر پال ویہلن پر جاسوسی کرنے کے الزامات ثابت ہو گئے تو انھیں دس سے بیس سال تک قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔
امریکہ کی طرف سے اس کے شہری کی جاسوسی کے الزامات میں ماسکو میں گرفتاری پر اب تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔
روس کے امریکہ اور برطانیہ سے تعلقات خاص طور پر گزشتہ ایک سال سے اس نوعیت کے رہے ہیں جس میں ایک دوسرے پر جاسوسی کرنے کے الزامات کثرت سے لگائے جاتے رہے ہیں۔