لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد انوار الحق کے ریٹائر ہونے کے بعد نئے چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی تقریب آج صبح گورنر ہاوس میں ہوئی، گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے نئے چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان سے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں صوبائی حکومتی عہدیداران، جسٹس مامون رشید شیخ، جسٹس محمد فرخ عرفان خان سمیت دیگر ججز، لاء افسر اور وکلاء رہنماء شریک ہوئے۔
خیال رہے کہ ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس محمد انواز الحق کے اعزاز میں گذشتہ روز ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو خوب سراہا گیا۔
تقریب میں صدر سپریم کورٹ بار امان اللہ کنرانی، وائس چئیرمین پاکستان بار، وائس چئیرمین پنجاب بار، صدر لاہور ہائیکورٹ بار اور علاقائی بنچز کے صدور کے علاوہ دیگر وکلاء رہنماء شریک ہوئے۔
خیال رہے کہ رواں سال اکتوبر کو جسٹس محمد انوارالحق نے لاہور ہائی کورٹ کے 47ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
قبل ازیں سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد یاور علی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوئے تھے۔