لورا لائی میں شہید ہونے والے صوبیدار میجر منور کی ایک یادگار تصویر
لورا لائی میں شہید ہونے والے صوبیدار میجر منور کی ایک یادگار تصویر

لورالائی میں ایف سی ٹریننگ سینٹر پر حملہ- صوبیدار میجر سمیت4 شہید

بلوچستان کے شہر لورالائی میں ایف سی ٹریننگ سینٹرمیں منگل کو دہشت گردوں نے حملہ کیا اور رہائشی اورانتظامی کمپائونڈ میں گھسنے کی کوشش کی۔ فائرنگ تبادلے میں ایک خود کش بمبارسمیت 4 دہشتگرد ہلاک اور4ایف سی جوان شہید جبکہ 2اہلکارزخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے لورا لائی میں ایف سی ٹریننگ سینٹررہائشی اورانتظامی کمپائونڈ پرحملے کی کوشش کی، جنہیں رہائشی علاقے کی داخلی  چیک پوسٹ پرروک لیا گیا۔

ناکامی پر دہشت گرد ایک قریبی احاطے میں گھس گئے جنہیں محاصرے میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ چار اہلکار شہید ہوگئے۔

لورالائی یف سی سینٹر کے قریب ایک کمپائونڈ کی دیوار پر گولیوں کے نشان
لورالائی یف سی سینٹر کے قریب ایک کمپائونڈ کی دیوار پر گولیوں کے نشان

شہدامیں صوبیدارمیجرمنور حسین، حوالداراقبال خان، حوالداربلال اورسپاہی نقشب شامل ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں نے احاطے کے اندر محصور ہونے کے بعد پہلے فائرنگ کی اور پھر دو خود کش بمباروں نے وقفے وقفے سے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکوں سے علاقے میں دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔ دیگر دو دہشت گرد مقابلے میں مارے گئے۔

حملہ صبح سویرے شروع ہوا جس کے بعد فائرنگ کئی گھنٹے سے جاری رہی۔ ایف سی اہلکاروں کی مدد کیلئے پولیس فورس بھی علاقے میں پہنچی۔

خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گردوں کی لاشیں مسخ ہوگئیں جبکہ دیگر دو کی لاشیں کمپائونڈ سے ملیں۔

لورالائی حملے میں ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی لاش جائے وقووع پر پڑی ہے
لورالائی حملے میں ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی لاش جائے وقووع پر پڑی ہے

 

اطلاعات کے مطابق حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کی ہے۔ تاہم سرکاری طور پر اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔