کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے کے باعث دھماکے کے نتیجے میں 4 کان کن جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکا ہوگیا جس کے باعث چار مزدور جان کی بازی ہار گئے۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ چمالنگ کے علاقے میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے باعث جاں بحق اور زخمی کان کنوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے کان کنوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال اگست میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کان دھماکے کے نتیجے میں چار مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔
بعد ازاں سابق نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاء الدین مری نے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا تھا۔