لاہور:پیلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ہم وفاقی حکومت کو گرا سکتے ہیں لیکن گرانا نہیں چاہتے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی جعلی اکائونٹس چیک کرنے کے لیے بنائی گئی تھی لیکن ان کا اصل مقصد جعلی اکاونٹس نہیں آصف زرداری کو گھیرنا تھا۔
چارٹ میں اے اے زیڈ لکھ کر پورا جال ان کے گرد بچھایا گیا، کیا جعلی اکائونٹس صرف اس کمپنی کے ہیں جب کہ جے آئی ٹی رپورٹ یک طرفہ تھی ہمارا موقف تو لیا ہی نہیں گیا، ہم سب سے گزارش کررہے ہیں کہ کم از کم ہمارا موقف سن تو لیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمیں حیرانگی ہے کہ حکومت اور ادارے کرنا کیا چاہتے ہیں، مراد علی شاہ کو نہ کسی نے بلایا نہ کوئی تحقیق سیدھا نام ای سی ایل میں ڈال دیا۔
اب عدالت کے واضح حکم کے باوجود سنا ہے کہ ایک وزیراعلی کا نام ای سی ایل میں ڈال کر یہ کیا تماشا کرنا چاہتے ہیں، ہم تحریک انصاف کی حکومت گراسکتے ہیں لیکن گرانا نہیں چاہتے کیوں کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ ایکسپوز ہوں، اور ان کی کیا حیثیت ہے کہ سندھ حکومت گراسکیں۔