فوج میں احتساب کا نظام بہت سخت ہے۔میجر جنرل آصف غفور

اسلام آباد:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ فوج میں احتساب کا نظام بہت سخت ہے، ویلفیئر پراجیکٹ میں سرکاری زمین کا ایک انچ استعمال نہیں ہوتا جبکہ ویلفیئر پراجیکٹس میں بھی دفاعی بجٹ کا ایک پیسہ استعمال نہیں کیاجاتا، ویلفیئر پراجیکٹ سے متعلق عوام کو جلد آگہی دینا چاہیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے 6 ہزار جوان شہید ہوئے، ویلفیئر پراجیکٹ میں سرکاری زمین یا دفاعی بجٹ کا ایک پیسہ بھی استعمال نہیں ہوتا ہے، فوج میں احتساب کا نظام بہت سخت ہے، میں پبلک آفس ہولڈر نہیں ہوں، میرا احتساب بھی فوج کے قانون کے مطابق ہوگا، پبلک آفس ہولڈر ہوں گا تو احتساب دیگر لوگوں اوراداروں کی طرح ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج قربانیاں دے کر استحکام بحال کررہی ہے، فوج کوئی ایسا کام نہیں کرے گی، جو پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ بنے، جمہوریت کو فوج کی سپورٹ جتنی گزشتہ سالوں میں رہی اتنی کبھی نہ رہی، سیاسی استحکام ہوگا، جمہوریت چلے گی تو پاکستان آگے چلے گا۔

ایک نجی ٹی وی کوانٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جنگ کی دھمکیوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ بھارت کوبتانا چاہتے ہیں کہ باتوں سے سرجیکل اسٹرائیک نہیں ہوتا،بھارت نے آج تک اپنے لوگوں کو بھی سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت نہیں دیے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو پتہ ہے کہ بھارت نے ہمیشہ جنگ کی اورپاکستان نے امن کی بات کی۔بھارت نے ہمیشہ مذاکرات سے راہ فرار اختیار کی۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی ضرورت اب بھی ہے تو یہ فیصلہ حکومت کا ہو گا،الیکشن قومی سر گرمی ہے، الیکشن سے تبدیلی ہی آتی ہے فوج کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  فوج میں احتساب کا عمل بہت سخت ہے،جب سیاسی استحکام ہوگا،جمہوریت ہوگی تبھی تو پاکستان آگے بڑھے گا۔

انہوں نے  مزید کہا کہ افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان میں بھی ہو گا،پاکستان چاہتا ہے  کہ امریکا کے افغانستان سے جانے کے بعد بھی ترقیاتی کا کام جاری رہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی عدالت انصاف میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس کی کچھ عرصے میں سماعت ہونی ہے جب کہ بھارتی جاسوس کی رحم کی اپیل آرمی چیف کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے لا زوال قربانیاں دے کردہشت گردی کے خلاف جنگ کامیاب بنائی۔خیبر پختونخوا اورفاٹا کے عوام بہادر ہیں انہوں نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔بہادری پران کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔