کراچی :بیرون ملک سے کراچی آنے والے چائینیزجوڑے کی شارع فیصل پر ناراضی نے کراچی پولیس کوتگنی کا ناچ نچادیا، کئی گھنٹے بعد بڑی مشکل سے پولیس کی جان چھوٹی۔
چین سے پاکستان پہنچنے والے مسٹر وانگ کی اپنی گاڑی میں ساتھ بیٹھی چینی دوست سے کسی بات پر اچانک ناراضی ہو گئی جس پر غصہ میں مسٹر وانگ نے گاڑی شارع فیصل پر رکوادی اور دوست کے ساتھ جانے سے انکار کرتے ہوئے گاڑی سے اتر کر ڈرگ روڈبس اسٹاپ پر کھڑے ہوگئے۔
ناراض کرنے والی ساتھی لڑکی بھی گاڑی سے اتر کرانہیں منانے کی کوشش کرتی رہی جبکہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر فارن سیکورٹی سیل کا عملہ بھی پریشان ہوکر انہیں گاڑی میں لے بٹھانے کی کوشش کرتا رہا مگر ان کے نہ ماننے پر سیکیورٹی کیلئے مزید پولیس فورس بلوائی گئی اور پھر کچھ دیر بعد ایس ایچ او شارع فیصل موقع پرپہنچے اور ناراض چینی شہری کو اپنے ساتھ تھانے لے گئے ،جبکہ ساتھی لڑکی بھی تھانے چلی آئی جہاں پر انہیں پانی پلاکر غصہ ختم ہونے کا موقع دیاگیا جس کے بعد چینی شہری وانگ کو اس کی ساتھی منانے میں کامیاب ہوگئی ۔