لاہور:نیب لاہور نے اپنے تمام افسران کا ایک اجلاس 15 جنوری کو طلب کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 15 جنوری کو ڈی جی نیب لاہور کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اراضی سے متعلق مختلف معاملات زیر بحث آئیں گے ،اجلاس میں نیب کی جانب سے جاری کیسز کی پیش رفت کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا اور اس اجلاس میں اہم ترین فیصلے متوقع ہیں۔واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر قومی احتساب بیورو نے کرپشن کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کی ہوئی ہیں اور ’’کرپشن سے پاک پاکستان ‘‘ کے لئے بلاامتیاز اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔واضح رہے کہ نیب لاہور نے تین روز قبل ہی 2018 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ نیب لاہورنے رواں سال کے دوران 4 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی جبکہ کرپشن کیسز میں 215 ملزموں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق قو می احتساب بیورولاہور نےرواں سال کے دوران احتساب عدالتوں میں مجموعی طور پر74 ریفرنس دائر کیے،ان میں ایون فیلڈ ، آشیانہ اقبال اور اسحاق ڈار کےخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس بھی شامل ہیں،2018 کے دوران نیب لاہور کو رکارڈ 10ہزار98 شکایات موصول ہوئیں،جن میں سے9ہزار207 شکایات نمٹادی گئیں۔