العزیزیہ ریفرنس:نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پیر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کی درخواست کو پیر 7 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ سابق وزیراعظم کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے تیسری بار دائر کی گئی تھی۔
اس سے قبل احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف یکم جنوری کو اپیل دائر کی گئی تھی جس میں نواز شریف کی سزا کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کی اپیل کی گئی تھی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے درخواست کو نامکمل قرار دے کر واپس کردیا تھا۔
بعد ازاں نواز شریف کے وکلاء نے 3 جنوری کو درخواست کو مکمل کرکے ایک بار پھر دائر کیا تاہم رجسٹرار نے گذشتہ روز دوسری بار سابق وزیراعظم کی اپیل پر اعتراض لگا کر اسے واپس کردیا تھا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔