رینجرز نے کراچی کے علاقے ملیر ماڈل کالونی میں کارروائی کرکے قتل کے 3 ملزمان نجم، واصف اور محمد بلال کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ماڈل کالونی میں ایک ڈکیتی کی واردات کے نتیجے میں 3 افراد سید احسن ، اسد اعوان اور مظہر زخمی ہوئے۔بعد ازاں مظہر نامی شخص دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اس واقعے کی اطلاع کے فوراََبعد پاکستان رینجرز ( سندھ ) کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے انٹیلی جنس معلومات بنیاد پر ملیر کے علاقے ماڈل کالو نی میں کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 3 ملزمان نجم ثاقب عرف مانی ، واصف عرف سونواور محمد بلال خان عرف پراٹھا کو گرفتار کیا جو کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتارملزمان نجم ثاقب عرف مانی اور واصف عرف سونو نے انکشاف کیا کہ ان کا سید احسن جو کہ پراپرٹی کا کام کرتا ہے کے ساتھ ذاتی تنازعہ تھا جس کی وجہ سے ملزمان نے محمد بلال خان عرف پراٹھا اور اس کے ساتھی کو سید احسن کو زخمی کرنے کی ذمہ داری سونپی۔
4 دن کے مسلسل تعاقب کے بعد مورخہ20 دسمبر2018 کوملزم محمد بلال خان عرف پراٹھا اور اس کے ساتھی نے دفتر سے واپسی پر سید احسن کا تعاقب کیا اور گھر پہنچتے ہی گاڑی کو روکا۔ ملزمان نے سید احسن اور اس کے ساتھ گاڑی میں سوار اسد اعوان سے 4 لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم چھیننے کے بعد دونوں کو فائرنگ کر کے زخمی کیا۔ واردات کے بعد راستے میں مظہر نامی شخص نے ملزم محمد بلال خان پراٹھا اور اس کے ساتھی کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے اُسے بھی فائرنگ کر کے زخمی کردیا( سی سی ٹی وی فوٹیج منسلک ہے) اور موقع واردات سے فرار ہو گئے۔
ملزم محمد بلال عرف پراٹھا اس واقعے کے بعد اسلام آباد فرارہو گیاتھا جسے واپسی پرگرفتار کیا گیاجبکہ ملزم بلال عرف پراٹھا کا دوسراساتھی تاحال مفرور ہے جسے گرفتار کر نے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے ۔تینوں ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔