لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اپنے وعدوں کے برعکس مغربی تہذیب کو فروغ دے رہی ہے، حکومت نے 5 ماہ گزرنے کے باوجود فلاحی ریاست کی جانب ایک قدم بھی نہیں اٹھایا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نےمنصورہ میں پریس کانفرنس کرنے ہوئے کہا کہ حکومت نے غیر مسلموں کی شراب پر پابندی کی مخالفت کی، حکومت کی جانب سےمعیشت سے سودی نظام کے خاتمے کے لیے رتی برابر بھی قدم نہیں اٹھایا گیا اور نہ ہی بینکوں سے قرض لینے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
کشمیر میں روزانہ 5 سے 10 کشمیری شہید ہورہے ہیں اس پر بھی حکومت خاموش ہے، تحریک انصاف اپنے منشور، نعروں اور وعدوں کو پورا کرے۔
سراج الحق نے کہا کہ احتساب کے نظام میں ظالم کو مظلوم بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، ابھی صرف 5 ماہ گزرے ہیں اور قبل از وقت الیکشن کی بانیں سامنیں آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت نا اہل اور نکمی ہے، چیف جسٹس کا تبصرہ حکومت کو آئینہ دکھانے کے لیے کافی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم ماضی کی نسبت زیادہ جذبے سے احتساب کی مہم آگے بڑھائیں گے، 18 جنوری سے مختلف شہروں میں پروگرام منعقد کریں گے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ ہماری مشکلات کی بنیاد آبادی میں اضافہ نہیں بلکہ انصاف کی عدم فراہمی ہے۔