عمران خان شیلٹر ہوم کا دورہ کرتے ہوئے ( فوٹو،سوشل میڈیا)
عمران خان شیلٹر ہوم کا دورہ کرتے ہوئے ( فوٹو،سوشل میڈیا)

راولپنڈی میں وزیراعظم کا رات گئے ’شیلٹر ہوم ‘ کا اچانک دورہ

راولپنڈی: وزیراعظم عمران خان نے رات گئے راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال اور غریب و نادار افراد کے لیے قائم شلٹر ہوم کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔
وزیر اعظم نے شیلٹر ہوم کے بہترین انتظام پر وفاقی وزیر صحت سروسز عامر کیانی اور انتظامیہ کی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ نہایت سرد موسم میں خلق خدا کیلئے گرم بستر اور خوراک کی فراہمی عظیم خدمت ہے، چھت سے محروم انسانوں کیلئے معیاری سہولیات کا بندوبست لائق تحسین ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت شہریوں کا انسانیت کی خدمت کیلئے آگے بڑھنا نہایت حوصلہ افزاء ہے۔
وفاقی وزیر صحت عامر کیانی، معاون خصوصی افتخار درانی اور سینٹر فیصل جاوید بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے ۔
وزیر اعظم نے اسپتال کے شعبہ اطفال اور فیملی یونٹ کا بھی دورہ کیا ، اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے اسپتال میں علاج معالجے کے مجموعی معیار،صفائی کی مجموعی صورتحال اور ادویات کی فراہمی کے نظام کا جائزہ بھی لیا۔
وزیر اعظم نے وزیرصحت سے ہولی فیملی اسپتال کے بارے میں مفصل رپورٹ طلب کر لی اور وفاقی وزیر عامر کیانی کو ہدایت دی کہ وہ آج شام تک اسپتال کے بارے میں تفصیلی رپورٹ جمع کروائیں۔