لاہور:اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کے بعدان کے بیٹے حمزہ شہباز کے گرد گھیرا تنگ ہو گیا،قومی احتساب بیورو(نیب)نے غیرقانونی اثاثوں اوررمضان شوگر ملزکیس میں حمزہ شہباز کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے بعد ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے غیر قانونی اثاثوں اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کے ساتھ حمزہ شہباز کو بھی نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نیب ذرائع نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور رمضان شوگر ملز کا ریفرنس رواں ماہ کے آخر دائر کر دیا جائے گا، باپ بیٹے کے خلاف ریفرنس کی حتمی منظوری چیئرمین نیب دیں گے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے اثاثوں کی تفصیل اور بینک ریکارڈ حاصل کر رکھا ہے، نیب نے شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کے لیے عدالت سے اجازت بھی حاصل کر رکھی ہے۔
خیال رہے کہ حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثوں اور رمضان شوگر ملز کیس میں 2 بار نیب میں پیش ہو چکے ہیں۔
واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے جبکہ گرفتار کیے جانے کے خدشہ کے باعث حمزہ شہباز نےلاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔