خدمت خلق فاؤنڈیشن کی ایمبولنس (فائل فوٹو)
خدمت خلق فاؤنڈیشن کی ایمبولنس (فائل فوٹو)

کے کے ایف کی منجمد جائیداد کی تفصیلات عدالت میں جمع

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی منجمد جائیداد کی تفصیلات عدالت میں جمع کرا دیں۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) کے ذریعے منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

بھتے سے بنی خدمت خلق فاؤنڈیشن کی29 جائیدادیں انوکھے طریقے سے ’ضبط‘
اس موقع پر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی منجمد جائیدادیں کراچی، حیدرآباد اور خیرپور میں ہیں جب کہ اس حوالے سے مزید تفصیلات بھی عدالت میں پیش کی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق کراچی میں کے کے ایف کی فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، رفاع عام سوسائٹی، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن ، ملیر، قصبہ کالونی، گارڈن اور لیاری میں پراپرٹیز ہیں۔

منی لانڈرنگ کیس ،ایم کیوا یم کے726 افراد کو نوٹسز جاری

ایف آئی اے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ منجمد جائیدادوں کی فہرست ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، ایسٹ، ویسٹ و دیگر کو بھیجی ہے اور متعلقہ اداروں کو کے کے ایف کی جائیداد کی خرید و فروخت سے روک دیا جب کہ اس کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق کیس کا فیصلہ آنے تک پراپرٹیز کو ٹرانسفر نہ کرنے سے متعلق مکتوب جاری کیے ہیں اور کیس میں مزید پیش رفت سامنے آنے پر عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔
عدالت نے خدمت خلق فاؤنڈیشن منی لانڈرنگ کیس کی مزید سماعت 17 جنوری تک کے لیے ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ سابق سینیٹر احمد علی کی جانب سے ٹرانزیکشن کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جاچکا ہے جب کہ مقدمے میں بانی ایم کیو ایم، سابق سینیٹر بابر غوری اور دیگر مفرور ہیں۔