شیخ زاید کا پورٹریٹ
شیخ زاید کا پورٹریٹ

پورٹریٹ بنانے کیلئے 10 لاکھ درہم کے نوٹ پھاڑ دیئے گئے

شیخ محمد بن زاید متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید النہیان کا پورٹریٹ وصول کر رہے ہیں جو ایک کروڑ درہم کے نوٹ پھاڑ کر بنایا گیا۔ یہ تصویر شیخ محمد بن زاید نے خود شیئر کی۔
شیخ محمد بن زاید متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید النہیان کا پورٹریٹ وصول کر رہے ہیں جو ایک کروڑ درہم کے نوٹ پھاڑ کر بنایا گیا۔ یہ تصویر شیخ محمد بن زاید نے خود شیئر کی۔

متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کا پورٹریٹ بنانے کیلئے ایک فنکار نے دس لاکھ اماراتی درہم مالیت کے بینک نوٹ پھاڑ دیئے۔

ان پھٹے ہوئے نوٹوں کے مختلف حصے بعد ازاں اس طرح جوڑے گئے کہ شیخ زاید کی تصویر بن گئی جو بعد ازاں ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کو پیش کی گئی۔

یہ مہنگا ترین پورٹریٹ امارات کے معروف کاروباری گروپ گلداری برادرز کے ڈائریکٹر محمد عبدالطیف گلداری نے بنوایا۔ اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق پھٹے نوٹوں سے پورٹریٹ بنانے کا خیال بھی انہی کا تھا اور رقم بھی انہوں نے فراہم کی۔ خلیج ٹائمز سے وابستہ فنکار عمادالدین نے ان نوٹوں کو پورٹریٹ کی شکل دی۔

50 سینٹی میٹر چوڑے اور 70 سینٹی میٹر لمبے پورٹریٹ کی تصویر شیخ محمد بن زاید نے خود سوشل میڈیا پر شائع کی۔ جو وائرل ہوگئی۔ تصویر میں وہ گلداری سے تصویر وصول کر رہے ہیں۔

 

پورٹریٹ تیار کرنے والے فنکار نے نوٹوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے چمٹی سے پکڑ کر جوڑے
پورٹریٹ تیار کرنے والے فنکار نے نوٹوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے چمٹی سے پکڑ کر جوڑے

عبدالطیف گلداری کے مطابق پورٹریٹ تیار کرنے کی ایک ویڈیو بھی بنائی گئی ہے جو شیخ محمد بن زاید کو دکھائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ پورٹریٹ کے لیے مختلف رنگوں کے نوٹ درکار تھے لہٰذا 100، 200، 500 اور ہزار درہم کے نوٹ استعمال کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پورٹریٹ امارات کی پائیدار ترقی کی علامت ہے۔

پھٹے نوٹوں کا ڈھیر جس سے پورٹڑیٹ بنایا گیا۔
پھٹے نوٹوں کا ڈھیر جس سے پورٹڑیٹ بنایا گیا۔

پورٹریٹ کیلئے پھٹے نوٹوں کے ڈھیر سے موزوں ٹکڑے ڈھونڈ نے میں فنکار کو عرق ریزی کرنا پڑی۔

شیخ زاید کی آنکھوں، ان کے ماتھے پر موجود لکیر اور تھوڑی کیلئے مناسب ٹکڑے ڈھونڈنے پر محنت کی گئی۔

دس لاکھ درہم کے نوٹوں سے تیار اس پورٹریٹ کو ’’زاید: 10 لاکھ کا فن پارہ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ عماد کو ایک مہینے کے اندر اندر پورٹریٹ مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا تھا۔

خلیج ٹائمز نے اس پورٹریٹ کی تیاری کی ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کی ہے۔

اس خبر میں پہلے دس لاکھ درہم کی جگہ ایک کروڑ لکھا گیا تھا۔ اس سہو پر ادارہ معذرت خواہ ہے اور غلطی کی نشاندہی کے لیے قارئین کا شکر گزار ہے۔