کراچی میں کلفٹن تھانے کی حدود کلفٹن تین تلوار کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر سابق رکن قومی اسمبلی اور ایم کیو ایم خواجہ سہیل منصور کولوٹ لیا۔
ایم کیو ایم رہنما سہیل منصور کے مطابق وہ اپنے عزیز سے مل کر واپس گھر جارہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے انہیں روک کر موبائل فون اور جیب میں موجود رقم چھین لی۔
سہیل منصور کا بتانا ہے کہ موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے بعد جاتے ہوئے انہیں دھمکی بھی دی کہ سدھر جاؤ۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ڈیفنس میں سابق گورنر سندھ محمد زبیر کو پستول دکھا کر ہراساں کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات کیلئے پولیس کی 3 ٹیمیں بنادی گئی ہیں۔
کلفٹن ڈویژن کی پولیس کی جانب سے رات گئے تک روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے واقعات کے سلسلے میں کوئی موقف پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی پولیس کے اعلیٰ افسران نے اس پر کوئی بیان دیا۔