کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر مواصلات اور پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ سابق رکن قومی اسمبلی عاصمہ عالمگیر پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
احتساب عدالت پشاور میں ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہان کو 24 جنوری کو طلب کر لیا ہے۔
پیشی کے موقع پر پیپلزپارٹی رہنما ارباب عالمگیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جائیداد 200 سال پرانی باپ دادا کی جائیداد ہے جو ہمیں منتقل ہوئی اور جو جائیداد میرے نام پر نہیں ہے اس کی تفصیلات سے بھی قومی احتساب بیورو (نیب) کو آگاہ کر چکا ہوں
ارباب عالمگیر کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیب ایک مذاق کا ادارہ بن گیا ہے۔ ہمارے خلاف تو ریفرنس دائر کر دیے گئے لیکن وزیر دفاع پرویز خٹک پر ریفرنس دائر نہیں کیا گیا۔ اُن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنان کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جو اُن کے حق میں نعرے لگا رہے تھے جب کہ کارکنان کی پولیس سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔
ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور کرپشن کا الزام ہے جب کہ نیب کی جانب سے ملزمان کے خلاف 33 کروڑ 21 لاکھ روپے کا ریفرنس بھی دائر کیا گیا ہے۔