(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

وفاقی کابینہ کا اجلاس:بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ مؤخر

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکانے کا معاملہ موخرکردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعظم آفس میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس کے دوران 26 نکاتی ایجنڈا زیرغور آیا، اس موقع پر ای سی ایل میں شامل 172 افراد کے نام کا جائزہ لینے والی خصوصی کمیٹی نے اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے عدالتی تفصیلی فیصلے کا انتظار کرے گی، تحریری فیصلہ ملنے کے بعد نام ای سی ایل سے نکالنے کا حتمی فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام فوری ای سی ایل سے نہ نکالے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ آئندہ اجلاس میں دوبارہ زیر غور آئے گا۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے 20افرادکے نام ای سی ایل سے فوری نکالنے کی سفارش مسترد کر دی۔
انہوں نےکہا کہ وزارت قانون نےبتایاہےکہ سپریم کورٹ کافیصلہ ابھی تک انہیں نہیں ملا،تحریری فیصلہ آتےہی اس پرعملدرآمد کیاجائےگا۔اس حوالے سے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے،فروغ نسیم،شہزاداکبر،سیکرٹری داخلہ پرمشتمل کمیٹی بنادی ہے،کمیٹی ان 172افراد کےنام ای سی ایل میں رکھنے یانکالنے پراپنی سفارشات پیش کریگی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ایسی نوکریوں کی فہرست بنانےکی ہدایت کی گئی ہےجو اوورسیزپاکستانی نہیں کرسکتے، اوورسیز پاکستانیوں کیلیے ملک کےاندرروزگارکےمواقع وسیع کرناچاہتےہیں،وزیراعظم عمران خان اوورسیزپاکستانیوں کےمسائل کےحل کیلیے کوشاں ہیں۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے ایئرمارشل ارشد ملک کوقائم مقام چیف ایگزیکٹوآفیسرزتعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
انہوںنے کہا کہ ہرسال 50ارب روپے کی گیس چوری کاسامنا ہے،پاکستان میں 28فیصد عوام کوموجودہ سسٹم کی عام گیس فراہم کی جا رہی ہے،63فیصدعوام ایل پی جی استعمال کررہےہیں۔
یاد رہے کہ حکومت نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے تھے جس پر سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام نکالنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ای سی ایل میں شامل کیے گئے ناموں پر نظرثانی کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے میگا منی لانڈرنگ کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وفاقی حکومت نے 172 افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالا تھا تاہم سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فاروق ایچ نائیک اور عاصم منظور کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔