یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد (فائل فوٹو)
یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد (فائل فوٹو)

ویلنٹائنز ڈے نہیں بلکہ’ سسٹر ڈے‘ منایا جائے گا

فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی نے 14فروری (ویلنٹائنز ڈے) کو سسٹر ڈے کے طور پر منانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس فیصلے کا مقصد نوجوانوں کے درمیان مشرقی ثقافت اور اسلامی روایات کو فروغ دینا ہے۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا کی جانب سے کیے جانے والے اس اعلان میں کہا گیا ہے کہ ہماری اپنی ثقافت و روایات بہت زرخیز ہیں، مغربی ثقافت میں رنگنے کے بجائے ہم اس دن کو بہنوں کے دن کے طور پر منائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس دن طالبات کو اسکارفس، شال اور گاؤن تحفتاً دیے جائیں گے جن پر یونیورسٹی کا نام لکھا ہوگا۔
وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ہماری ثقافت میں خواتین بطور بہن، ماں، بیٹی اور بیوی بہت زیادہ خود مختار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ثقافت کو بھول رہے ہیں اور مغربی ثقافت کو اپنے اوپر حاوی کر رہے ہیں۔ ’ایسی قومیں جو اپنی ثقافت بھلا دیں جلد اپنا نشان کھو بیٹھتی ہیں‘۔
وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ اپنی ثقافت کی حفاظت دنیا میں اپنی پہچان اور عظمت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے، اور نوجوان اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔