وزیر مملکت برائے امور داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف ان کی جانب سے مہم چلائے جانے کے بعد مجرمانہ ذہینیت کے لوگ ان کے ساتھ تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات اتوار کو سامنے آنے والی ان اخباری رپورٹوں کے جواب میں کہی جن میں انکشاف ہوا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے اسلام آباد سے کوکین کے ایک بڑے اسمگلر قاسم کو گرفتار کیا ہے جس نے شہریار آفریدی کا ’’بیسٹ فرینڈ‘‘ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
شہریار آفریدی کے ساتھ قاسم کی ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے جس میں یہ دونوں اور چند دیگر افراد ایک سڑک کے کنارے کھڑے کیمرے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قاسم کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8 سے گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے جو منشیات برآمد ہوئی اس کی مالیت ایک ارب روپے بتائی جاتی ہے۔ اسے اے این ایف پولیس اسٹیشن منتقل کرکے تفتیش کی گئی۔
قاسم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں نہ صرف انفرادی گاہکوں کو منشیات فراہم کرتا تھا بلکہ مختلف پارٹیوں میں کوکین بھی پہنچتا تھا۔
ذرائع کے مطابق قاسم کے فون سے مختلف پیغامات برآمد ہوئے۔ ایک میں اس نے کسی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا کیونکہ وہ شہریار آفریدی کا بیسٹ فرینڈ ہے۔
انگریزی اخبار دی نیشن نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ اس حوالے سے وزیرمملکت کا مؤقف لینے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا۔ اخبار نے اے این ایف حکام کے حوالے سے لکھا کہ قاسم کو ریمانڈ کے لیے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
شہریار آفریدی کا جواب
صحافیوں نے اتوار کے روز وزیر مملکت داخلہ سے اس حوالے سے سوالات کیے جس پر شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف مہم چلانے پر چند مجرمانہ ذہنیت کے لوگ ان کے ساتھ تصاویر بناکر سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں ، ان کی شہرت کو نقصان پہنچارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام سیاسی ورکرہوں، کسی کو اپنے ساتھ تصاویر بنانے سے نہیں روک سکتا، منشیات کی روک تھام کے لیے سڑکوں ، بسوں ، مساجد میں جاکر آگاہی مہم چلارہاہوں، اس مہم کے دوران کوئی میرے ساتھ تصویر بناکر استعمال کررہاہے تواس سے میرا تعلق نہیں۔ مہم کے دوران کئی لوگوں نے میرے ساتھ تصاویر بنائی ہونگی، میں نے ان لوگوں پر ہاتھ ڈالا ہے اس لیے یہ لوگ میری شہرت کو نقصان پہنچارہے ہیں ، میرا اور عمران خان کا وژن ہے کہ ملک کو ڈرگ فری بناناہے۔
شہریارآفریدی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسمیت ملک بھر میں منشیات کے خلاف مہم میں نے خود لانچ کی، منشیات کے خلاف مہم میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت حاصل ہے۔
اے این ایف کی وضاحت
کوکین اسمگلر کے دعوے سے متعلق خبر ٓنے کے کئی گھنٹے بعد اتوار کی دوپہر اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ ملزم کے وزیر مملکت برائے داخلہ سے تعلق والی خبر کا اے این ایف سے کوئی تعلق نہیں۔
اے این ایف کے ترجمان نے کہاکہ گرفتار ملزم کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، اے این ایف معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔