جج کو جذبات میں آنے کے بجائے قانون کے دائرے میں رہنا چاہیے، میپکو میں بھرتیوں سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار، فیصلہ جاری
جج کو جذبات میں آنے کے بجائے قانون کے دائرے میں رہنا چاہیے، میپکو میں بھرتیوں سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار، فیصلہ جاری

نعلین پاک کی بازیابی:سپریم کورٹ کامیڈیا پر تشہیر کا حکم

سپریم کورٹ آف پاکستان نے بادشاہی مسجد سے چوری کیے گئے رسول اکرم ﷺ کے نعلین پاک کی الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیا پر تشہیر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نعلین پاک کی چوری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ نعلین مبارک جب سے چوری ہوئے درخواست گزار ننگے پاؤں پھر رہا ہے، یہ تو ایسی نایاب چیز ہے جس کی قیمت ہی کوئی نہیں، اس معاملے کو ہم نے نہیں چھوڑنا، اپنے آرڈر میں لکھوادیں گے، پولیس بتادے کہ آئندہ کیا کرنا ہے۔

اس موقع پر نمائندہ پنجاب پولیس نے عدالت کو بتایا کہ نعلین مبارک 31 جولائی 2002 کو مغرب اور عشاء کے درمیان برونائی سے واپس آتے ہوئے چوری ہوئے، ہم نے اس پہلو کی تفتیش بھی کی نعلین مبارک اسمگل نا ہوگئے ہوں۔

نمائندہ پنجاب پولیس کے مطابق ہم نے نعلین مبارک کی پیمائش کرائی، فنگر پرنٹس کا جائزہ بھی لیا گیا اور موقع پر جو ایس پی گیا اس کے فنگر پرنٹس ملے، ایک دفعہ کراچی سے بھی خبر آئی ہم وہاں بھی گئے، اب ہمارے پاس اصل نعلین مبارک کی پہچان کا پیمانہ آگیا ہے۔

کمرہ عدالت میں نعلین مبارک کا ویڈیو کلپ چلایا گیا، چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا ٹی وی یا اخبار میں تشہیر کی گئی تاکہ کوئی اللہ کا نیک بندہ ہمیں معلومات دے دےجس پر نمائندہ پنجاب پولیس نے بتایا ہم نے 15 لاکھ انعام مقرر کیا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہامسلمانوں کے لیے نعلین پاک کی بہت اہمیت ہے، اس طرح کے تبرکات بین الاقوامی میوزیم میں پائے جاتے ہیںجس پر نمائندہ پنجاب پولیس نے کہا ترکی کےتوپ کاپی میوزیم اور انگلینڈ کے میوزیم سے بھی چیک کیا۔

چیف جسٹس نے کہا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو مذہبی فریضہ سمجھ کر اشتہارات چلانے چاہییں، ہمیں لگ رہا ہے کہ پولیس صحیح سمت میں کام کر رہی ہے، جو تبرکات ہمارے پاس موجود ہیں پنجاب حکومت ان کی حفاظت کرے اور تبرکات کو کیڑا لگنے سے محفوظ کیے جانے کے اقدامات کیے جائیں۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ پولیس ہر تین ماہ بعد تبرکات سے متعلق رپورٹ جمع کروائے اور پنجاب حکومت باقی تبرکات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔

عدالت نے کہا کہ تبرکات کو محفوظ بنانے کے لیے شیشوں کے باکس میں محفوظ کریں اور اس معاملے میں جو بھی معاونت درکار ہوگی عدالت فراہم کرے گی۔

سپریم کورٹ نے چوری کیے گئے نعلین مبارک کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر کرنے کا حکم بھی دے دیا۔