پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کے اہلخانہ بھی اسٹریٹ کرائم کا شکار بن گئے۔
پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کے اہل خانہ کو کلفٹن میں ڈاکوؤں نے لوٹ لیا جس کی خرم شیر زمان نے سخت مذمت کی ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ میرے اہل خانہ کے ساتھ واقعہ آغاز سپر مارکیٹ کلفٹن کے قریب پیش آیا، نقب زنی اور رہزنی کے واقعات پر سندھ حکومت کی خاموشی مجرمانہ ہے، یہ میرے گھر والوں کا نہیں بلکہ کراچی کے ہر شہری کا مسئلہ ہے۔
رکن سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت سندھ اور پولیس کی ذمہ داری ہے۔