عمران خان (فائل فوٹو)
عمران خان (فائل فوٹو)

عمران خان نااہلی کیس:بینچ کی تشکیل کیلئے متفرق درخواست

وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے متعلق پٹیشن کی سماعت کے لئے بینچ قائم کرنے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی۔
درخواست چیئرمین ڈیفنس آف پاکستان حافظ احتشام احمد نے دائر کی۔
یاد رہے کہ عمران خان کی نااہلی کے متعلق پٹیشن اگست 2018 سے ہائیکورٹ میں زیر التواءہے۔
پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے عبدالوہاب بلوچ نے بھی عمران خان کی اہلیت کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔
عدالت عالیہ نے درخواست گزار اور عبدالوہاب بلوچ کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن کو ایک ساتھ سننے کا فیصلہ کیا۔
عبدالوہاب بلوچ نے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ پر اعتراض کیا،جس کے بعد مذکورہ دو ججز نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل نیا بینچ سماعت کے لئے قائم ہوا تو جسٹس اطہر من اللہ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے تعلق کی بنیاد پر کیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔
عبدالوہاب بلوچ کی پٹیشن کی وجہ سے عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے لئے کوئی بینچ قائم نہ ہو سکا۔
عبدالوہاب بلوچ اب پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔عبدالوہاب بلوچ نے پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد عمران خان کی نااہلی کے متعلق تمام پٹیشنز واپس لینے کا اعلان کیا۔
عبدالوہاب بلوچ نے سندھ ہائیکورٹ سے اپنی پٹیشن واپس لے لی مگر اسلام آباد ہائیکورٹ سے واپس نہیں لی۔
درخواست گزارچیئرمین ڈیفنس آف پاکستان حافظ احتشام احمد نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے پٹیشن واپس نہ لینا عبدالوہاب بلوچ کی بدنیتی ہے، عبدالوہاب بلوچ جانتے ہیں کہ جب تک ان کی پٹیشن یہاں زیرالتوا رہے گی،اس وقت تک عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے لئے بینچ قائم نہیں ہو سکتا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت درخواست گزار کی پٹیشن کو عبدالوہاب بلوچ کی پٹیشن سے ڈی لنک کرکے اس کی سماعت کے لئے بینچ قائم کرے۔