وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بہادرآباد میں ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رہنمائوں سے ملاقات کی ہے،ملاقات میں کنور نوید،خواجہ اظہار الحسن، وسیم اختر اور فیصل سبزواری شریک ہیں،ملاقات میں سندھ اور کراچی کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں ایم کیو ایم کے مطالبات اور کراچی پیکیج پرغور کیا گیا،متحدہ رہنمائوں نے مطالبات وزیر اطلاعات کے سامنے رکھ دیے۔
متحدہ کے رہنمائوں نے اپنے آفسزحوالے کرنے کا کہا،فواد چوہدری نے کہا کہ ایم کیو ایم کے نکات وزیر اعظم کے سامنے رکھوں گا۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم حکومت کی اتحادی جماعت ہے وہ حکومت کو نہیں چھوڑے گی،وفاقی حکومت اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔
اس موقع پر کنور نوید جمیل نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت وزرائے اعلیٰ نے کروڑوں روپے خرچ کیے، ہائرایجوکیشن صوبوں کو دے کر تباہ کردیا گیا، جب تک اتفاق نہیں ہوتا آئینی ترمیم بالکل نہیں ہوسکتی، فوجی عدالتوں کے معاملے پر ایم کیو ایم سے اب تک بات نہیں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کے رہنمائوں نے اپنے مطالبات وزیر اطلاعات کے سامنے رکھ دیے ہیں،رابطہ کمیٹی کے رہنمائوں سے ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال،علی رضا عابدی قتل کیس سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی، فواد چوہدری نے علی رضا عابدی کے قتل پر وزیر اعظم عمران خان کا تعزیتی پیغام بھی متحدہ رہنماؤں کو پہنچایا۔