سپریم کورٹ نے 5 ہزار سے زائد فیس وصول کرنے والے نجی اسکولوں کی فیسوں میں 20 کمی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے، اطلاق ملک بھر کے تمام نجی اسکولوں پر ہوگا۔
سپریم کورٹ کے جاری کئے گئے تحریری فیصلے کے مطابق 5 ہزار سے کم فیس وصول کرنے والے نجی اسکول عدالتی فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے۔
سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے میں والدین کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ والدین کم فیس جمع کرائیں اور فیسیں مقررہ وقت تک ادا کریں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسکولوں نے عدالتی حکم کے بارے میں والدین کو تضحیک آمیز خطوط لکھے، جن اسکولوں نے خطوط لکھے ہیں انہیں نوٹس جاری کرتے ہیں، وہ وضاحت دیں کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کارروائی کی جائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ فیسوں میں کمی سے اسکالرشپ اوراسکولوں کی سہولیات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، عدالتی حکم کے مطابق اسکول مالکان اساتذہ کی تنخواہیں کم نہیں کریں گے۔
تحریری فیصلے میں ایف آئی اے کو ہدایت جاری کی گئی کہ ایف آئی اے اسکولوں کے قبضے میں لئے گئے ریکارڈ کاپی کرکے واپس کرے۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ لاء اینڈ جسٹس کمیشن نے تعلیمی اصلاحات پر رپورٹ اپنی ویب سائیٹ پر نمایاں کی ہے جس پر متعلقہ افراد کی تجاویز آرہی ہیں۔