راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں ہفتہ کی صبح گیس لیکج کے دھماکے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں ایک بچہ اور 2 خواتین شامل ہین۔
بدقسمت خاندان ڈھوک چوہدریاں میں ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کے فلیٹ میں مقیم تھا۔ اطلاعات کے مطابق اہلخانہ جمعہ کی شب گیس ہیٹر جلا کر سوئے۔ تاہم گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہیٹر بند ہوگیا۔ جب گیس دوبارہ آئی تو کمرے میں گیس بھر گئی۔
صبح اہلخانہ نے ناشتہ بنانے کے لیے دیا سلائی جلائی تو دھماکہ ہو گیا جس سے فلیٹ کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا اور آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے عملے اور فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا تاہم کولنگ کا عمل آخری اطلاعات تک جاری تھا۔
لاشیں نکال لی گئی ہیں جنہیں ایمبولینسوں میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اہل علاقہ کے ریسکیو عملے کے تاخیر سے آنے کی شکایت کی ہے۔
ایک ہفتے کے دوران راولپنڈی میں گیس سے ہونے والا یہ دوسرا بڑا جانی نقصان ہے۔ منگل کو سٹیلائیٹ ٹائون میں شادی والے گھر میں گیس دھماکے سے دلہن سمیت 5 لڑکیاں جاں بحق ہوگئی تھیں۔
اس سے پہلے اتوار کی صبح چکری روڈ پر گیس لیکج کے دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوگیا تھا جب کہ گھر کو نقصان پہنچا تھا۔
راولپنڈی ان دنوں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ کا شکار ہے اور متعدد گھرانے ایل پی جی کے سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں۔