عالم زیب کی فائل فوٹو، دوسری جانب وہ پولیس اہلکاروں سے بات ک رہا ہے
عالم زیب کی فائل فوٹو، دوسری جانب وہ پولیس اہلکاروں سے بات ک رہا ہے

پی ٹی ایم کی پولیس سے دھینگا مشتی کے بعد رہنما گرفتار

کراچی میں سہراب گوٹھ پولیس نے کلفٹن میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان مخالف تقریر کرنے کے الزام میں پشتون تحفظ موومنٹ ( پی ٹی ایم ) کے ایک رہنما عالم زیب کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے موقع پر پی ٹی ایم کارکنوں نے مزاحمت کی جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل جنوبی ایشیا چیپٹر نے عالم زیب کی گرفتاری پر بیان جاری کیا ہے۔

پولیس نے پاکستان کے خلاف تقاریر کا مقدمہ اتوار کے روز درج کیا تھا جس میں پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشین سمیت 16 ملزمان نامزد کیے گئے ہیں۔

اگرچہ پولیس ذرائع نے گرفتاری کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا تاہم پی ٹی ایم نے عالم زیب کی گرفتاری سے متعلق دو ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔ جس میں گرفتاری کے دوران پولیس اہلکاروں کے خلاف پی ٹی ایم کارکنوں کو مزاحمت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں پولیس کے ساتھ پی ٹی ایم کارکنوں کی دھینگا مشتی واضح ہے۔

https://twitter.com/drrehanagul/status/1087288552998780928

پی ٹی ایم کے حامیوں کی جانب سے جاری ویڈیو کے ساتھ یہ دعویٰ بھی کیا گیاکہ گرفتاری سندھ رینجرز نے کی تاہم ویڈیو میں صرف سندھ پولیس کی وردی میں ملبوس افراد دکھائی دے رہے ہیں۔

البتہ گرفتاری کے لیے آنے والوں میں سادہ لباس پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔ ان میں سے ایک اہلکار کو عالم زیب نے الٹے ہاتھ کا تھپڑ بھی رسید کیا۔ ایک اور اہلکار جو پی ٹی ایم کی کار کے ساتھ جھک کر کھڑا تھا اسے ایک پی ٹیم کارکن نے پکڑ کر ہٹا دیا۔

پولیس اہلکار مسلح ہیں۔  بیچ بیچ میں وہ پی ٹی ایم کارکنوں سے مذاکرات کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔

پاکستان مخالف تقاریر کا مقدمہ

سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر کے پاس اتوار کے روز پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشین کی ہدایت پر جلسہ کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق جلسے کے دوران پی ٹی ایم کے کارکنان نور اللہ ، شاکر اللہ، شیر محمد، ملا طاہر خان، عالم زیب خان، علاﺅ الدین ، سیف افغان سمیت دیگر افراد اسٹیج پر موجود تھے اور جبکہ دیگر افراد کے لیے 200 سے 250 کرسیاں لگائی گئی تھی۔

مقدمے میں نامزد ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف تقاریر کیں۔ مقدمہ پولیس نے ایس ایچ او راﺅ ذاکر کی مدعیت میں 22/19 درج کیا اور مقدمے میں 16 افراد کو نامزد کیا گیا تھا جو کہ اسٹیج پر موجود تھے۔

پولیس ذائع کے مطابق  پیر کے روزخفیہ اطلاع پر کلفٹن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پشتون تحفظ موومنٹ کے ایک کارکن عالم زیب کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی دیگر نامزد افراد کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل جنوبی ایشیا کا بیان

عالم زیب کی گرفتاری پر انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے وقفے سے ٹوئٹر پر دو بیانات جاری کیے۔ پہلے بیان میں کہا گیا کہ عالم زیب کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات پر اسے تشویش ہے۔ عالم زیب کو عدالت میں پیش کیا جائے یا رہا کیا جائے۔

دوسرے بیان میں کہا گیا کہ عالم زیب کو کراچی سے اٹھایا گیا، اس کے ساتھ موجود پی ٹی ایم کے کارکنوں کی مارپیٹ کی گئی۔ پرامن اجتماع کی آزادی کا تحفظ کیا جائے۔