حب میں بس میں آگ لگنے کے بعد شعلے اٹھ رہے ہیں
حب میں بس میں آگ لگنے کے بعد شعلے اٹھ رہے ہیں

حب میں 21بس مسافر زندہ جل گئے

کراچی کے قریب بلوچستان کے ضلع حب میں ٹرک سے تصادم کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگنے سے 21 مسافر زندہ جل گئے جبکہ 16 نے چھلانگ لگا کر جانیں بچائیں۔

بتایا گیا ہے کہ حب کے علاقے بیلا کراسنگ کے قریب کراچی سے پنجگور جانے والی کوچ اور ٹرک میں تصادم ہوا جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی۔

ٹرک تیل لے کر کراچی کی طرف جا رہا تھا جس کی وجہ سے آگ بھڑکی۔ یاد رہے کہ بلوچستان کے راستے ایرانی ڈیزل ٹینکرز کے بجائے ٹرکوں اور دوسری غیرمحفوظ گاڑیوں میں حب اسمگل کیا جاتا ہے۔

بس میں 40 افراد سوار تھے جن میں سے 16 سے فوری طور پر چھلانگ لگا کر جانیں بچا لیں جبکہ کچھ کو زخمی حالات میں نکالا گیا جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔

ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان علی نے 21 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل اور لیویز حکام حادثے کے مقام پر پہنچ گئے تاہم واقعے کے کافی دیر بعد  فائر بریگیڈ آگ بجھانے پہنچی ۔ اس دوران مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششیں کرتے رہے۔