مسافرکوچ میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی

کراچی کے قریب بلوچستان کے ضلع حب میں ٹرک سے تصادم کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 27ہوگئی جبکہ متعدد نے بس سے چھلانگ لگا کر جانیں بچائیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق حب حادثے کے 5زخمیوں کو سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیاتھا جس میں سے ایک مسافر نے رات گئے دم توڑدیا جس کےبعد حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 27ہوگئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ حب کے علاقے بیلا کراسنگ کے قریب کراچی سے پنجگور جانے والی کوچ اور ٹرک میں تصادم ہوا جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی۔

ٹرک تیل لے کر کراچی کی طرف جا رہا تھا جس کی وجہ سے آگ بھڑکی۔ یاد رہے کہ بلوچستان کے راستے ایرانی ڈیزل ٹینکرز کے بجائے ٹرکوں اور دوسری غیرمحفوظ گاڑیوں میں حب اسمگل کیا جاتا ہے۔

بس میں 40 افراد سوار تھے جن میں سے 16 سے فوری طور پر چھلانگ لگا کر جانیں بچا لیں جبکہ کچھ کو زخمی حالات میں نکالا گیا جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل اور لیویز حکام حادثے کے مقام پر پہنچ گئے تاہم واقعے کے کافی دیر بعد فائر بریگیڈ آگ بجھانے پہنچی ۔ اس دوران مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششیں کرتے رہے۔