(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بادل برسنے کی پیشگوئی

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ خیبرپختونخوا، سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بادل برسنے کی پیش گوئی ہے۔

کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد سمیت پنجاب میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

ادھر سندھ کے بیشترعلاقے صبح سویرے دھند چھائی رہی، عمرکوٹ، سانگھڑ اور نوشہرو فیروز میں حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی، جنوبی پنجاب میں بھی دھند نے ہر منظر دھندلا دیا۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق سب سے زیادہ سردی زیارت میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 10 ریکارڈ کیا گیا۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 06، قلات منفی 03 اور دالبدین میں منفی ایک رہا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔