ماڈل ایان علی (فائل فوٹو)
ماڈل ایان علی (فائل فوٹو)

ڈالر گرل ایان علی کو گرفتار کرکےپیش کرنے کا حکم

کرنسی اسمگلنگ کیس میں راولپنڈی کی کسٹمز کی خصوصی عدالت نے ماڈل ایان علی کو گرفتار کر کے 15فروری کوپیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں ماڈل ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جج ارشد بھٹہ نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے ایان علی کی جانب سے دائرکی گئی تین درخواستوں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست، عدالت میں مستقل حاضری سے معافی اورمقدمہ ختم کرنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ایان علی کوآئندہ تاریخ پرپیش کرنے کا حکم دے دیا اور کہا ایان علی کے نہ آنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہوگی۔ جب کہ گواہان کو بھی نوٹس جاری کرکے آئندہ تاریخ پرطلب کرلیا گیا۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ملزمہ بادی النظرمیں کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہے، کرنسی کی ضبطی کلکٹریٹ کسٹم کی سول قانونی کارروائی ہے، ملزمہ دبئی سے علاج کے لئے عمان جاتی ہے، پاکستان کیوں نہیں آسکتی۔ عدالت نے ملزمہ کا عدالت طلبی کا اشتہار بھی جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایان علی کو گرفتار کر کے 15 فروری کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اس کے علاوہ عدالت نے ملزمہ کے دونوں ضمانتیوں کونوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں بھی عدالت طلب کرلیا جب کہ ایان علی کے 5،5 لاکھ کے دونوں ضما نتی مچلکے ضبط کرنے کے لئے ضامن طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے ملزمہ ایان علی کی جانب سے دائرکی گئی تین درخواستوں پرفیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔