لاہور میں نوجوان لڑکیوں سے ان کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنوا کر انہیں بلیک میل کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق ملزم پہلے لڑکیوں سے دوستی کرتا اور پھر انہیں اپنی نازیبا ویڈیوز بنا کر بھیجنے کے لیے کہتا۔
ایک دفعہ ویڈیوز حاصل کرنے کے بعد وہ انہیں بلیک میل کرنا شروع کردیتا۔
ملزم کا نشانہ بننے والی لڑکیوں میں سے ایک نے تنگ آکر ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کو درخواست بھیجی جس پر ایف آئی اے نے لاہور میں رائے ونڈ روڈ پر علی ٹائون کے علاقے میں چھاپہ مارا کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
فوری طور پر اس کے موبائل فون سے 3 غیراخلاقی ویڈیوز ملی ہیں جبکہ اس کے کمپیوٹر کی بھی تلاشی لی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
اگرچہ لاہور کے اس ملزم کو تو گرفتار کرلیا گیا تاہم حالیہ کچھ عرصے میں سامنے آنے والی موبائل ایپس ٹک ٹاک اور میوزیکلی کی وجہ سے بھی بہت سی پاکستانی لڑکیاں اپنی نازیبا ویڈیو بنارہی ہیں جن کے وائرل ہونے پر انہیں واپس لینا تقریبا نا ممکن ہوجاتاہے۔