نیب کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
نیب کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے 4 کمبائن انویسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دے دیں گئیں ، ہر ٹیم میں 9 افسران تعینات کیے گئے ہیں جن میں 4 تفتیشی افسر، 4 پراسیکیوٹر اور ایک کیس افسر تعینات شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی ارکان نیب راولپنڈی پہنچے جہاں جے آئی ٹی سربراہ احسان صادق نے کیس میں تحقیقات پر نیب کو بریفنگ دی۔
جے آئی ٹی سربراہ احسان صادق نے ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ کیا جبکہ ابتدائی تحقیقات میں حاصل تمام دستاویزات ڈی جی نیب کے حوالے کر دیں گئیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 7 جنوری کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی از سر نو تفتیش کے لیے معاملہ نیب کو بھیجا تھا اور عدالت نے نیب کو دو ماہ میں ازسرِ نو تفتیش کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔