مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نواز شریف کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق خبریں اچھی نہیں ہیں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ نواز شریف کو فوری اسپتال داخل کروایا جائے۔
اسلام آباد میں اپنے چیمبر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے بارے میں تشویش ہے، ان کی صحت سے متعلق خبریں اچھی نہیں ہیں۔
’نواز شریف کی صحت اور زندگی کو خطرات لاحق ہیں‘
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں، خود میڈیکل بورڈ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں، نواز شریف کو طبی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
شہباز شریف نے حکومت سے نواز شریف کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے کے ساتھ ایسا سلوک مناسب نہیں، ہم نہیں چاہتے کل خدانخواستہ حکومت کے کسی فرد کی ایسی حالت ہو۔