وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پنجاب میں پولیس اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے،یہاں خیبر پختونخوا طرز کا پولیس ایکٹ لایا جائے گا،پہلے مرحلے میں100 پولیس اسٹیشنز کو ماڈل پولیس اسٹیشنز بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے میں مکمل احتساب کیا جائے گا۔ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وفاقی کابیہ اجلاس کے بعدمیڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہو نے کہا کہ آج کابینہ میں اہم فیصلے کیے گئے،ویزا پالیسی میں بڑی تبدیلیاں لانےکا فیصلہ کیا گیا ہے،بیرون ملک پاکستانیوں کو بھی ویزا رجیم میں تبدیلی سے فائدہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے لاہور اور بلوچستان کی پیمرا کونسل کے ارکان کی منظوری دے دی ہے۔ لاہور کی پیمرا کونسل میں محمد احمد پنسوٹا اور سحر زریں بندیال کو بطور ممبر شامل کیا گیا ہے جبکہ پیمرا بلوچستان کے چیئرمین عبدالجلیل ہوں گے اور ہمایوں بارکزئی، ریحانہ خلجی اور محمد رفیق اس کے ارکان ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ای او بی آئی پنشنرز کے فنانس کی منظوری ہوگئی ہے جبکہ گھروں کے منصوبے کیلئے پاکستان مارگیج کمپنی کو 58 ملین ڈالر کی گرانٹ دے دی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ایرا کو این ڈی ایم اے میں ضم کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے ارکان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے حکومت کی حکمت عملی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی الیکشن کمیشن کے ارکان کے حوالے سے کام کریں گے۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو انہوں نے کہا کہ ویزا پالیسی میں تبدیلی سے سیاح پاکستان آئیں گے،بزنس مین اورصحافیوں کونئی ویزاپالیسی سے کافی فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیاریگولیٹری اتھارٹی معاملہ صحافتی تنظیموں کےساتھ دیکھاجائےگا،ایرا کو این ڈی ایم اے میں ضم کیا جارہا ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ وزیر خزانہ کے بجٹ سے متعلق مثبت اقدامات کا کافی اچھا ردعمل آیا۔