پی ٹی آئی کے رہنمااورایم پی اے رمضان گھانچی پانی کے مسئلہ پر ہونے والے جھگڑے کے دوران فائرنگ سے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپرسول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی ٹانگ میں سے گولی نکال کر انہیں طبی امداد دی گئی، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے،پولیس کے مطابق پانی کے جھگڑے پر فائرنگ سے رمضان گھانچی زخمی ہوئے جواسپتال میں زیر علاج ہیں ،ان پر فائرنگ کرنے والے باپ بیٹے کو حراست میں لے لیاگیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنمااورایم پی اے رمضان گھانچی کا اپنے علاقے پی ایس 109میں پانی کے مسئلہ پر ٹمبر مارکیٹ کے عہدیدارسے جھگڑا ہوا جس کے دوران ملزمان نے اسلحہ نکال کر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ایم پی اے رمضان گھانچی زخمی ہوگئے ،انہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیاگیاجہاں انہیں طبی امداد دی گئی جس کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے رمضان گھانچی اور ٹمبر مارکیٹ کے عہدیدار سلمان سومرو میں علاقے میں پانی کے مسئلہ پر جھگڑا ہوا جس پر سلمان سومرو اور اس کے دو بیٹوں علی اور شاہ نوازنے اسلحہ نکال کر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں رمضان گھانچی زخمی ہوگئے ،پولیس نے سلمان سومرو اور اس کے ایک بیٹے کو حراست میں لے لیا ہے ، ابھی مزید تفصیلات کاانتظار ہے، مقدمہ فوری طورپر درج نہیں کروایا گیا ،تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کراچی کے مرکزی رہنما خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ انہیں رمضان گھانچی نے فون کرکے فائرنگ کا بتایا کہ ان پر فائرنگ کی گئی جس پر فوری طورپر اسپتال پہنچے ،، ان کا کہنا تھا کہ رمضان گھانچی کی ٹانگ پر فائرنگ کی گئی ،اسپتال میں انہیں طبی امداد دی گئی جس کے بعد ان کی حالت خطرے سے بارہ ہے
انہوں نے کہا کہ رمضان گھانچی کو طبی امداد کے بعد دوسرے اسپتال منتقل کیاجائے گااور طبی معائنے کے بعد ان پر فائرنگ کا مقدمہ درج کروایا جائے گا۔ہم سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قانون ہاتھ میں لینے والے ملزمان کو گرفتارکرکے سخت قانونی و تادیبی کارروائی کی جائے۔