وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے ریلوے کا ہیڈ کوارٹر کراچی منتقل کر رہا ہوں۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں ٹرینوں کو عوام کی امنگوں کے مطابق چلائیں گے، وزیر کی نوکری عارضی نوکری ہوتی ہے تا ہم کرپشن معاف نہیں کروں گا اور پاکستان ریلویزمیں کرپشن کے لیے عدم برداشت پالیسی اختیارکی ہے۔ دبئی کے دوسرمایہ کار پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کیلیے دلچسپی رکھتے ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مزید دو ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
ان کا کہناتھا کہ ہم 20 فریٹ ٹرینیں چلائیں گے، 30 مارچ کووی وی آئی پی مسافر ٹرین چلائیں گے، کراچی سے پشاور تک ٹریک تبدیل ہو گا، 10 مارچ سے قبل ایک اور مال بردار ٹرین چلائیں گے، یکم سے 28 فروری تک ٹرین میں ہوں گا، میں اپنا آفس فریٹ کے لیے راولپنڈی سے کراچی منتقل کررہا ہوں، اب جی ایم اور چیئرمین ریلوے کا دفتربھی یہاں ہوگا جب کہ یکم فروری سے ریلوے کا ہیڈ کوارٹر کراچی منتقل کر رہا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون سے متعلق پیرکو وزیراعظم کی سربراہی میں اجلاس ہے، ایم ایل ون پرٹرینوں کی رفتار160 کلو میٹر فی گھنٹا ہوگی، ہم نے 4 ماہ میں 10 لاکھ لیٹر آئل بچایا ہے۔