فائل فوٹو
فائل فوٹو

سوتیلی بیٹی کے ساتھ نکاح کرنے والے ملزم کو 10 سال قید

سوتیلی بیٹی کے ساتھ نکاح کرنے والے ملزم کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

ملزم وارث علی شاہ کو قرآن وسنت کی خلاف ورزی کرنے پر سزا سنائی گئی، عدالت نے ملزم کی بیوی کی بیٹی کو دارلامان بھیج دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ہری پورافتخارالہی نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم وارث شاہ کو 10 سال قید با مشقت سنائی۔

ہری پور کے رہائشی ملزم سید وارث شاہ نے پہلے ماں سے شادی کی بعد ازاں اس کی بیٹی سے بھی شادی رچا لی جبکہ ملزم اس سے قبل بھی 4 شادیاں کر چکا ہے ۔

ملزم کی ضمانت کی استدعا سپریم کورٹ سے بھی مسترد ہو چکی ہے۔تحریک لبیک کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدوار سید قاصد کے بھائی سید وارث نے ایک بیوہ ماں سے شادی کے بعد تمام جمع پونجی ہڑپ کر لی تھی۔

بعد ازاں اپنی سوتیلی بیٹی کو جال میں پھنسا کر نکاح کر لیا تھا ،جس پر گزشتہ سال ماں نے تھانہ سرائے صالح میں شکایت درج کروائی تھی۔

پولیس نے ملزم کے ساتھ نکاح خوان مولوی عبدالماجد اور نکاح رجسٹرار علی احسان کے ساتھ 9 افراد پرمقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی جبکہ ملزم وارث شاہ کو حراست میں لے کر جیل بھیج دیا تھا۔

ملزم وارث شاہ نے بعد ازاں ہائی کورٹ اور پھر سپریم کورٹ سے ضمانت کی درخواست دی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا ۔دو روز قبل ایڈیشنل سیشن جج نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جوسنا دیا گیا۔