دنیاکی سب سے بڑی جمہوریت کہلوانے والے بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج اورپولیس نے قابض انتظامیہ سے ملکرپورے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کردیا کیونکہ آج کے دن پوری دنیا کے کشمیری اسے یوم سیاہ کے طورپر منارہے ہیں۔آج کے دن بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی اور بربریت سے مزید 2 کشمیری شہید ہوگئے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سری نگر کے علاقے خونموہ میں بھارتی فورسز نے ایک بار پھر بربریت اورجارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے مزید 2 نوجوان کشمیریوں کو شہید کردیا۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری آج بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پرمنا رہے ہیں۔ اس موقع پروادی میں مکمل ہڑتال ہے جب کہ کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے بند اورٹرانسپورٹ معطل ہے۔ گھر گھر سیاہ پرچم لہرا دیے گئے اور بھارتی فوج نے کرفیو نافذ کرکے وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔