نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آبادہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت کیلئے درخواست دائر کرائی تھی ، درخواست نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دائر کی تھی جس میں چیئرمین نیب ،جج احتساب عدالت اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا گیا۔

نوازشریف نے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ انہیں عارضہ قلب لاحق ہے، اس لئے طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے، جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈویژن بنچ 28 جنوری کو درخواست پر سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال کی سزا سنائی گئی ہے، سزا کے خلاف انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع بھی کررکھا ہے اور وہ اس وقت لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔ گزشتہ ہفتے ان کا لاہور ہی میں تفصیلی معائنہ بھی کیا گیا تھا۔