حکومت پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے خصوصی بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں ’پاکستان بنائو سرٹیفکیٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔
انگریزی معاصر کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بانڈز دو قسم کے ہوں گے۔تین برس کے بانڈ پر 6.25 اور پانچ برس کے بانڈ پر 6.75 فیصد منافع دیا جائے گا۔
بانڈز کی فروخت کا باقاعدہ اعلان 31 جنوری کو متوقع ہے جبکہ ان کی فروخت کے لیے چار بینک منتخب کر لیے گئے ہیں۔
اسد عمر نے انگریزی اخبار کو بتایا کہ بانڈز کی مالیت کا تعین طلب کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
ان بانڈز یا پاکستان بنائو سرٹیفکیٹس پر منافع ہر چھ ماہ بعد دیا جائے گا۔ خریدنے والے اپنی پسند کے اکائونٹس میں اپنی پسند کی غیرملکی کرنسی میں منافع وصول کر سکیں گے۔
بانڈز کی فروخت کیلئے 28 جنوری سے تشہری مہم شروع کی جا رہی ہے جبکہ روڈ شوز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
اس وقت 90 لاکھ پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں جنہوں نے گذشتہ مالی سال 2017-18 میں 19.62 ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔