طالبان امریکا مذاکرات کی کامیابی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا،فواد

وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ طویل لڑائی کے بعد صحیح رخ پر آگے بڑھ رہے ہیں، امریکا اور طالبان کے مذاکرات کامیاب ہوئے تو پاکستان کو فائدہ ہوگا ۔

دبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نہ صرف سویلین اداروں کو بہتراورمضبوط کررہے ہیں بلکہ پاکستان کے اندرونی مسائل پربھی توجہ دے رہے ہیں، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ پرکرپشن کے الزامات ہم نے نہیں لگائے۔

فوادچودھری نے کہا کہ گزشتہ کچھ برسوں سے مشرق وسطیٰ کی سیاست میں کردار کم ہورہا تھا، اب ہماری حکومت کا فوکس امارات اور دیگر مشرق وسطیٰ میں اچھے تعلقات ہے، ہم امارات اور سعودی عرب سے اچھے تعلقات کی کوششوں میں ہیں، عمران خان کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان مشرق وسطیٰ کےمعاملے میں واپس آیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوشش ہے پاکستان کو دنیا کے لیے کھولا جائے اور ہم چاہتے ہیں لوگ سیاحت اورکاروبار کے لیے پاکستان آئیں، جب کہ ہماری امن کی پالیسی ہے جس سے پاکستان کے لوگوں کا فائدہ ہوگا، ہم نے آتے ہی کرتا رپورسرحد کھولی۔